۔2019 میں سکیولر حکومت کیلئے عیسائیوں کے دعائیہ اجتماعات

حیدرآباد 24 مئی ( این ایس ایس ) نیشنل کانگریس آف انڈین کرسچینس نے آج دہلی کے آرچ بشپ فادر انیل کوٹو کی اس اپیل کا خیر مقدم کیا ہے کہ 2019 کے عام انتخابات سے قبل ملک میں ہر جمعہ کو دعائیہ اجتماعات منعقد کئے جائیں۔ نیشنل کانگریس نے آرچ بشپ کے اس دعوی کی بھی تائید کی ہے کہ ملک کے موجودہ سیاسی ماحول میں ہندوستان کے دستوری اصولوں اور سکیولر اقدار کو خطرہ لاحق ہے ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانگریس آف انڈین کرسچینس کے صدر سی اے ڈانیل آڈمس اور سینئر کارکن برادر جی ایس الون انوچ نے کہا کہ بی جے پی کے مرکز میں اقتدار پر آنے کے بعد سے ہندوستانی عیسائی خود کو غیر محفوظ متصور کر رہے ہیں کیونکہ انہیں جسمانی اور ذہنی ہراسانی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ چرچس پر ‘ پادریوں پر اور اداروں پر حملے کئے جا رہے ہیں۔