۔2019ء میں مودی کی شکست کیلئے عالمی سازش

ملک کی اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ چین وپاکستان بھی سرگرم : روی
بنگلورو۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے ایک سینئر بی جے پی لیڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو 2019ء میں دوبارہ اقتدار پر واپسی سے روکنے کیلئے ملک میں مختلف سیاسی جماعتوں اور عالمی سطح پر ایک سازش کی جارہی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی جنرل سیکریٹری اور رکن اسمبلی سی ٹی روی نے آج کہا کہ مودی کی لہر نے مختلف و متضاد نظریات کی حامل تمام سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ متحد ہونے پر مجبور کردیا ہے۔ روی نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان کی سیاسی جماعتوں کے علاوہ پاکستان اور چین جو مودی سے ڈرتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ وہ 2019ء کے لوک سبھا کے انتخابات ہار جائیں۔ کرناٹک کے بی جے پی لیڈر نے گزشتہ روز یہاں صحافت سے ملاقات پروگرام کے دوران یہ الزام بھی عائد کیا کہ ملک میں اپوزیشن جماعتوں کی سوچ و فکر پاکستان جیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی کو 2019ء میں اقتدار پر واپسی سے روکنے کیلئے ایک سازش رچی جارہی ہے، کیونکہ چند ممالک اس بات پر خوف زدہ ہیں کہ اگر مودی دوبارہ عنان اقتدار پر فائز ہوجائیں تو ہندوستان اور بھی زیادہ طاقتور ہوسکتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں یقین ہے کہ عوام 2019ء میں مودی کی تائید کریں گے۔ روی نے اپنی ریاست میں کانگریس۔ جے ڈی ایس حکومت کو ایک ناپاک گٹھ جوڑ کی ابتداء قرار دیا۔