احمدآباد۔26ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) خصوصی ایس آئی ٹی عدالت کے جج نے جو 2002ء نروڈا گام قتل عام کیس کی سماعت کررہے ہیں ، آج کہا کہ وہ 5 اکتوبر کو فسادات کے مقامات کا دورہ کریں گے تاکہ اس علاقہ کی صورتحال کا جائزہ لے سکیں اور عینی شاہدین کے ادعاجات کی توثیق کرسکیں۔ اسپیل ایس آئی ٹی عدالت کے جج پی بی دیسائی نے آج اپنے دورہ کی تاریخ کا فیصلہ سنایا۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے آفیسر ہیمانشو شکلا نے کہا کہ وہ 3 اکتوبر کے بعد دستیاب ہیں۔ ان کے بیان کے بعد ہی ایس آئی ٹی جج نے اپنے دورہ کی تاریخ طئے کی۔ ہیمانشو شکلا آج عدالت میں موجود تھے۔ شکلا گجرات کی انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیں اور اس کیس کے تحقیقاتی آفیسر بھی ہیں۔ جج دیسائی نے کہا کہ ایس آئی ٹی کے وکلاء ملزم اور متاثرین بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، لیکن کسی بھی ملزم کو 5 اکتوبر کے دن فسادات کے مقامات کا دورہ کرنے کے دوران وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ پنچ نامہ کے بعض حصوں کو پیش کرے جہاں پر قتل عام ہوا تھا۔ ایس آئی ٹی نے کل عدالت کو بتایا تھا کہ وہ بہترین نتیجہ اخذ کرنے کیلئے فسادات کے مقامات کا دورہ کریں اور عینی شاہدین کے ادعا جات کی توثیق بھی کریں۔ اس درخواست کو ایس آئی ٹی ، ملزمین اور عینی شاہدین کی پیروی کرنے والے وکلاء نے مشترکہ طور پر داخل کی تھی۔