۔20 نا اہل ایم ایل ایز ای سی کیخلاف درخواست سے دستبردار

نئی دہلی ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عام آدمی پارٹی ( عاپ ) کے ان 20 ارکان اسمبلی نے جنہیں منفعت بخش عہدہ پر فائز رہنے کے سبب الیکشن کمیشن کی سفارش پر نا اہل قرار دیا گیا تھا ، اس انتخابی پیانل کے ابتدائی فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے اس مسئلہ پر سماعت کے لیے قبل ازیں دائر کردہ درخواست سے آج دستبرداری اختیار کرلی ۔ ان ایم ایل ایز نے منفعت بخش عہدہ پر فائز رہنے پر ان کے خلاف سماعت جاری رکھنے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے گذشتہ سال اگست میں یہ درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہائی کورٹ چونکہ ایک مرتبہ بحیثیت پارلیمانی سکریٹریز ان کے تقررات کو کالعدم کردیا تھا چنانچہ الیکشن کمیشن کو اسی مسئلہ پر سماعت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ان ارکان اسمبلی نے جسٹس ریکھا پلی کے اجلاس پر کہا کہ وہ قبل ازیں دائر کردہ اپنی درخواست سے دستبردار ہورہے ہیں کیوں کہ انہوں نے اس کے بعد کی گئی اپنی نا اہلی کے اقدام کو ہائی کورٹ کے وسیع تر بنچ پر چیلنج کیا تھا ۔ اروند کجریوال کی زیر قیادت اس پارٹی کے 21 ارکان اسمبلی کے خلاف ایک شخص پرشانت پٹیل نے الیکشن کمیشن میں یہ درخواست داخل کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ یہ ارکان اسمبلی منفعت بخش عہدہ پر فائز ہیں ۔