کابل ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ناٹو کے سربراہ نے طالبان پر زور دیا ہیکہ وہ شورش پسندی اور ساتھی افغان شہریوں کا قتل ترک کردیں جبکہ جنوبی صوبہ فرح میں طالبان نے حملہ کرتے ہوئے 20 افغان شہریوں کو ہلاک کردیا۔ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر افغانستان اشرف غنی اور ناٹو کے سکریٹری جنرل جینس اسٹولن برگ نے کہا کہ اس سے کسی کو بھی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ طالبان کو اس کا احساس ہونا چاہئے۔ شورش پسند طالبان اب تقریباً نصف افغانستان پر قابض ہیں اور روزانہ افغان فوج پر حملے کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں کثیر تعداد میں ہلاکتیں واقع ہورہی ہیں۔ طالبان کا نظریہ ہیکہ امریکہ کی حمایت یافتہ حکومت ایک ناکارہ حکومت ہے جو افغان فوج پر روزانہ حملوں کا انسداد بھی نہیں کرسکتی جس کے نتیجہ میں کثیر تعداد میں ہلاکتیں ہورہی ہیں لیکن امریکہ اور ناٹو امید رکھتے ہیں کہ تنازعہ کا اور 17 سالہ خانہ جنگی کا کوئی نہ کوئی سیاسی حل تلاش کرلیا جائے گا۔ اسٹولن برگ کے ساتھ اشرف غنی کے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کو امید ہیکہ تنازعہ کا عنقریب حل نکل آئے گا۔