۔2 ستمبر کے جلسہ میں اُردو میں پوسٹرس اور بیانرس

فاروق حسین کی نمائندگی پر چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد۔/24 اگسٹ ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے2 ستمبر کو شہر کے مضافات میں ہونے والے جلسہ عام میں تلگو اور انگریزی کے ساتھ اُردو میں بھی تشہیری میٹریل شائع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ کے سلسلہ میں جو بھی پوسٹرس، بیانرس اور فلیکسیز لگائے جائیں اُن میں اُردو کو بھی شامل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے یہ ہدایت اس وقت دی جب آج تلنگانہ بھون میں منعقدہ پارٹی کے وسیع تر اجلاس میں رکن کونسل محمد فاروق حسین نے یہ مسئلہ اٹھایا۔ فاروق حسین نے کہا کہ تلنگانہ میں اردو کی ترقی و ترویج کیلئے چیف منسٹر نے ریاست بھر میں دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے جس کیلئے مسلمان ممنون ہیں۔ چیف منسٹر کی اردو دانی اور اردو سے محبت ہر کسی پر عیاں ہے۔ پارٹی کے حالیہ پلینری میں تشہیری میٹریل اردو میں شائع نہیں کیا گیا جس کے سبب اقلیتی طبقہ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے جلسہ عام میں اردو کے ساتھ انصاف کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے رکن کونسل پی راجیشور ریڈی کو ہدایت دی کہ اردو میں بھی پوسٹرس، بیانرس اور دیگر تشہیری مواد شائع کیا جائے۔