۔1984ء فساد : ٹائٹلر کیخلاف الزامات پر جواب طلب

نئی دہلی ، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے آج سی بی آئی کو ان الزامات پر جواب دینے کی ہدایت دی کہ کانگریس لیڈر جگدیش ٹائٹلر نے 1984ء کے مخالف سکھ فسادات کیس میں ایک گواہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی، جس میں اس تحقیقاتی ایجنسی نے معاملہ کو بند کردینے کی رپورٹ داخل کی ہے۔ ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ایس پی ایس للیر نے سی بی آئی کا جواب اس بیان کے بارے میں طلب کیا ہے جو اس فساد کیس میں اس کی مزید تحقیقات کے دوران مقید بزنسمن ابھیشک ورما کا ہے جسے ایجنسی نے قلمبند کیا ہے۔ عدالت نے جو ٹائٹلر کے خلاف اس کیس میں سی بی آئی کی معاملہ بند کردینے سے متعلق داخل کردہ رپورٹ پر دلائل کی سماعت کررہی تھی، اب اس معاملے کو 26 جون پر ڈال دیا ہے۔ سماعت کے دوران سینئر ایڈوکیٹ ایچ ایس پھولکا نے فسادات کے متاثرین کی پیروی کرتے ہوئے عدالت کو واقف کرایا کہ نے اپنے بیان میں سی بی آئی کو بتایا تھا کہ ٹائٹلر نے مبینہ طور پر ایک معاملت سریندر کمار گرانٹھی کے ساتھ طئے کرلی، جو اس کیس میں اہم گواہ تھا اور جس نے کانگریس لیڈر کے خلاف حلفیہ بیان دیا تھا۔