نئی دہلی۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پولیس کے مطابق آج دہلی کے منیرکہ علاقہ سے 16 نیپالی خواتین کی اسمگلنگ کو دہلی کمیشن فار ویمن کی سعی سے بچالیا گیا۔ وہ یہاں سے مختلف خلیجی ممالک کو اسمگل کی جانے والی تھیں۔ دہلی پولیس کو کل رات 9 بجے ڈی سی ڈبلیو کی جانب سے ان خواتین کے بارے میں اطلاع دی گئی۔ چنانچہ پولیس فوراً حرکت میں آتے ہوئے منیرکہ علاقہ سے ان 16 نیپالی خواتین کو دوپہر 1:30 بجے آزاد کروالیا۔ خواتین کی عمریں 20 تا 40 سال کے درمیان ہیں۔ ڈی سی ڈبلیو کے مطابق ان خواتین کو ملازمتیں فراہم کرنے کایقین دے کر نیپال سے دہلی لا یا گیا تھا اور انہیں ایک چھوٹے سے کمرے میں مقید کیا گیا تھا۔
اسٹاف سلیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری عہدوں کیلئے 11,000 امیدواروں کیلئے سفارش
نئی دہلی۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پرسونل مسٹر جتیندر سنگھ نے آج لوک سبھا میں بیان دیا کہ مختلف محکموں میں مختلف جائیدادوں پر تقررات کے لیے 2018-19ء کے دوران اسٹاف سلیکشن کمیشن نے 11,000 امیدواروں کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2015-16ء کے درمیان 25,138 اور 2016-17 کے درمیان 68,880 امیدواروں کی سفارش کی گئی تھی اور 2017-18کے درمیان 45,391 امیدواروں کو سرکاری ملازمتوں کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ اور 2018-19ء میں (جون 30 تک ) 10,997 امیدواروں کو منتخب قرار دیا گیا تھا اور انہوں نے مزید کہا کہ عام طورپر اسٹاف سلیکشن کمیشن کی جانب سے انتخاب میں کوئی تاخیر نہیں ہوتی ہے۔