۔16 ستمبر کوجے ڈی یو ریاستی مجلس عاملہ کی میٹنگ

پٹنہ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں حزب اقتدار جنتادل یونائٹیڈ(جے ڈی یو) کی ریاستی مجلس عاملہ کی میٹنگ 16 ستمبر کو راجدھانی پٹنہ میں ہوگی۔جے ڈی یو کے ریاستی جنرل سکریٹری انیل کمار نے آج یہاں بتایاکہ پارٹی کے ریاستی صدر اور راجیہ سبھا رکن وشسٹھ نارائن سنگھ نے 16 ستمبر کو جے ڈی یو ریاستی مجلس عاملہ کی نشست بلائی ہے ، جس میں وزیراعلیٰ اور قومی صدر نتیش کمار بھی موجود رہیں گے ۔ انہوں نے بتایاکہ پارٹی کی یہ اہم نشست صبح 11 بجے سے وزیراعلیٰ رہائش 1 انے مارگ میں ہوگی۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ جے ڈی یو صدر وشسٹھ نارائن سنگھ کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں قومی صدر نتیش کمار، جنرل سکریٹری کے سی تیاگی، بہار کے سبھی قومی عہدیدار، ریاست کے سبھی عہدیدار، ریاستی مجلس عاملہ کے سبھی اراکین، قانون ساز اسمبلی کے سبھی اراکین اور پارٹی کے سبھی ضلعی صدور موجود رہیں گے ۔ ریاستی جنرل سکریٹری نے بتایا کہ اس اجلاس میں خصوصی طور سے تنظیم کو مضبوطی دینے ، پنچایت سطح تک پارٹی کو بہتر کرنے ، حکومت کے ذریعہ چلائے جارہے سات نشچے سمیت دیگر کاموں کی تشہیر کرنے اور سماجی مفادات سے جڑی مہمات جیسے شراب بندی، جہیز اور اطفال شادی پر روک اور خواتین تحفظ کو یقینی بنانے پر غورو خوض کیاجائے گا۔مسٹر کمار نے بتایا کہ 16 ستمبر کے اجلاس سے قبل 15 ستمبر کو تین بجے دن میں ریاستی صدر کی رہائش پر سبھی عہدیداران کی نشست ہوگی، جس میں ریاستی مجلس عاملہ کی نشست کے ایجنڈوں پر غور وخوض کیاجائیگا۔