۔15 سال تک کمرے میں قید لڑکی کی موت ، والدین گرفتار

ٹوکیو ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک جاپانی جوڑے کو خود اپنی ہی بیٹی کو 15 سال تک قید رکھے جانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا جس کی عمر 33 سال تھی ۔ میڈیا کے مطابق اوساکا کے ساکن 55 سالہ یاسوتاکاکا کی موٹو اور اُس کی 53 سالہ بیوی پوکاری نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انھوں نے اپنی بیٹی ایری کو اُس وقت سے ایک کمرے میں بند رکھا تھا جب اُس کی عمر 16 یا17 سال تھی ۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ متوفیہ شدید ترین سردی اور فاقہ کشی کی وجہ سے ہلاک ہوئی ۔ اُس کا وزن صرف 19 کیلو بتایا گیا۔ دوسری طرف نیشنل براڈکاسٹر این ایچ کے نے بتایا کہ متوفیہ کے والدین نے اپنی بیٹی کو چھوٹے سے کمرے میں اس لئے قید رکھا تھا کیونکہ وہ دماغی فتور میں مبتلا تھی اور تشدد برپا کرتی تھی ۔ کمرے میں ایک انٹرکام بھی تھا جس کے ذریعہ والدین اپنی بیٹی سے بات کیا کرتے تھے اور دن میں صرف ایک بار اُسے کھانا دیا کرتے تھے ۔