نئی دہلی ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزراء کے ایک غیررسمی گروپ نے الیکشن کمیشن کی اس تجویز کو منظوری دے دی ہے کہ 2019ء لوک سبھا انتخابات سے قبل لگ بھگ 14 لاکھ نئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینس (ای وی ایمز) کی خریداری زائد از 5000 کروڑ روپئے کی لاگت پر کی جائے۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی سربراہی والے جی او ایم نے بتایا جاتا ہے کہ ای وی ایمز کی مختلف حصوں میں خریداری کی تائید کرتے ہوئے اپنی سفارش دفتر وزیراعظم (پی ایم او) کو بھیج دی ہے۔ ایک سینئر حکومتی عہدہ دار نے کہا کہ متعلقہ میٹنگ کی روداد پی ایم او کو منظوری کیلئے بھیجی گئی ہے۔ جیسے ہی اسے منظوری حاصل ہوجائے، مرکزی کابینہ نئے ای وی ایمز کی خریداری کیلئے تجویز کا جائزہ لے گی۔ الیکشن کمیشن اپنی تجویز کے ساتھ گزشتہ سال حکومت سے رجوع ہوا تھا ۔
شمال مشرق میں افسپا کو منسوخ کرنے کا مطالبہ
نئی دہلی ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرق میں ’’ظالمانہ‘‘ قانون خصوصی اختیارات برائے مسلح افواج (افسپا) کی تنسیخ کیلئے آج لوک سبھا میں مطالبہ کیا گیا، جس میں چند ارکان نے کہا کہ یہ قانون اُس خطہ کے نوجوانوں کو ہندوستان کے اصل دھارے سے جوڑنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وزارت ترقی ٔ شمال مشرق کے مطالباتِ زر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اراکین نے اس خطہ کی ترقی کیلئے حکمت عملی اور سیاسی حوصلہ میں تبدیلی لانے پر زور دیا۔