۔13 ہزار گداگروں کی بازآبادکاری آشرم منتقلی

گداگری ترک کرنے کے عہد پر رہائی ۔ سماج میں بہتری کیلئے اقدام
حیدرآباد 14 مئی ( پی ٹی آئی ) زائد از 13,000 گداگروں کو ‘ جن میں مرد و خواتین دونوں شامل ہیں ‘ تقریبا دیڑھ سال کے عرصہ میں آنند آشرموں کو منتقل کیا گیا ہے ۔ یہ در اصل خصوصی گھر ہیںجو محکمہ جیل کی جانب سے چلائے جاتے ہیں۔ شہر کو گداگروں سے پاک کرنے کی مہم کے حصے کے طور پر اور ان کی باز آبادکاری کے مقصد سے چنچلگوڑہ اور چرلا پلی مرکزی جیلوں میں آنند آشرم قائم کئے گئے ہیں۔ ان کا مقصد سماج کے انتہائی نیچے طبقہ سے بھی رکھنے والے افراد کو سہولیات فراہم کرنا ہے اور لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے علاوہ گداگری کو ختم کرنا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل محابس اصلاحی خدمات ونئے کمار سنگھ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ گداگروں کو پولیس اور بلدی حکام کے ساتھ منعقد کی جانے والی خصوصی مہم کے دوران آنند آشرموں کو لایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جملہ 8,436 گداگروں کو اور 4,977 خاتون گداگروں کو آنند آشرم لایا گیا تھا اور انہیں اس حلفنامہ کے بعد رہا کیا گیا کہ وہ دوبارہ گداگری نہیں کرینگے ۔ مسٹر سنگھ نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر گداگروں کی بازآبادکاری کی گئی یا پھر انہیں گھروں کو بھیج دیا گیا ہے ۔ جو لوگ ابھی یہاں مقیم ہیں وہ ذہنی معذور ہیں یا پھر ایسے ہیں جو چل پھر نہیں سکتے یا جنکے گھر والوں نے ان سے لا تعلقی اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو صلاحیتیں ابھارنے کیلئے تربیت دی جا رہی ہے اور ان کو بنیادی باتیں سکھانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے ۔ ان کیلئے ان آشرموں میں خواندگی کی کلاسیس بھی چلائی جا رہی ہیں۔