محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی ، وزارت داخلہ کا بیان
نئی دہلی ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک کی کم سے کم 13 ریاستوں اور دو مرکزی زیرانتظام علاقوں میں کل طوفانی ہواؤں ، گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے ۔ بالخصوص جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے کئی مقامات پر طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی اتراکھنڈاور پنجاب کے کئی مقامات پر بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے ہندوستانی محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے حوالہ سے کہا کہ آسام ، میگھالیہ ، ناگالینڈ ، منی پور ، میزورم اور تریپورہ کے بعض مقامات پر بھی کل بارش کا امکان ہے ۔ جموں وکشمیر ، اتراکھنڈ ، ہماچل پردیش ، پنجاب ، ہریانہ ، چندی گڑھ ، دہلی ، راجستھان اور مغربی اترپردیش میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔ پانچ ریاستوں میں گزشتہ ہفتہ اچانک گرج چمک ، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور گردو غبار کے طوفان کے نتیجہ میں کم سے کم 124 افراد ہلاک اور دیگر 300 زخمی ہوگئے تھے ۔