۔12 کروڑ استفادہ کنندگان کو 6 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض

چھوٹے کاروباروںکیلئے ماضی کی حکومتوں نے کچھ نہیں کیا ، وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب
نئی دہلی۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ مورا اسکیم کے تحت 12 کروڑ استفادہ کنندگان کو 6 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض دیئے گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی کی حکومتوں نے چھوٹے کاروباروں کو خاطر خواہ مدد نہیں کی بلکہ محض دکھاوا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی طرف سے منعقد کئے جانے والے قرض میلوں کے برخلاف پردھان منتری مدرا یوجنا (پی ایم ایم وائی) عوام کو غیرروایتی راستہ اختیار کرتے ہوئے اپنے خوابوں کی تکمیل اور چھوٹے کاروبار شروع کرتے ہوئے دوسروں کیلئے ہی روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد اور حوصلہ افزائی کی ہے۔ مدرا یوجنا کے تحت گزشتہ سال 2.52 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض جاری کئے گئے۔ مجموعی طور پر تین سال کے دوران 5.73 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض دیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے غیرزرعی اور غیرکارپوریٹ کاروبار شروع کرنے کے لئے 10 لاکھ روپئے کے قرض کی فراہمی سے متعلق پی ایم ایم وائی کا 8 اپریل 2015ء کو آغاز کیا تھا۔ وزیراعظم نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ملک بھر کے مدرا قرض استفادہ کنندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر تشہیر اور دکھاوے کے ساتھ منعقد کئے جانے والے قرض میلوں میں پہلے صرف منتخب افراد میں قرض دیئے جاتے تھے اور ان کی باز ادائیگی کے بارے میں کسی کو کوئی پرواہ نہیں ہوتی تھی۔ مودی نے کہا کہ ’’کیا آپ جانتے ہیں 25 تا 30 سال قبل محض سیاسی فائدوں کے لئے قرض میلوں کا استعمال ہوتا تھا۔ سیاست دانوں سے قربت رکھنے والے ہی قرض حاصل کیا کرتے تھے اور قرض کی واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہوتا تھا۔ کافی تشہیر اور دکھاوے کے ساتھ ایسے قرض میلے منعقد ہوئے تھے اور قرض کی واپسی کی کسی کو کوئی پرواہ نہیں ہوتی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے کوئی قرض میلہ منعقد نہیں کیا اور نہ ہی درمیانے افراد کو کوئی موقع دیا گیا۔ اس (حکومت) نے راست طور پر ملک کی خواتین اور نوجوانوں پر بھروسہ کیا، جنہیں چھوٹے کاروبار شروع کرنے بینکوں سے راست قرض فراہم کئے گئے۔