صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین کی جناب زاہد علی خان سے ملاقات
حیدرآباد۔ 3 جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے صدرنشین محمد قمرالدین نے کہا کہ وہ مسلمانوں کے تعلیم اور روزگار میں 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کی مساعی کریں گے۔ کمیشن کے ذریعہ مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے ہدایات جاری کی جائیں گی۔ محمد قمرالدین نے آج دفتر سیاست پہنچ کر جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کو جوڈیشیل اختیارات حاصل ہیں اور کسی بھی معاملہ میں ناانصافی کی سماعت اور اپنا فیصلہ صادر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ 4 فیصد تحفظات پر حکومت کے بعض اداروں میں عمل آوری میں رکاوٹ کی شکایات ملی ہیں اس کے علاوہ خانگی اور نیم سرکاری ادارے تحفظات پر عمل آوری سے گریز کررہے ہیں۔ وہ اس سلسلہ میں فوری توجہ مبذول کریں گے۔ قمرالدین کا تعلق وقارآباد کے موضع دھارور سے ہے اور 1953ء میں وہیں پیدائش ہوئی۔ انہوں نے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں اور انجینئر انچیف قبائیلی بہبود کی حیثیت سے وظیفہ پر سبکدوش ہوئے۔ وہ سدی پیٹ میں خدمات انجام دینے کے دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے قریب ہوئے۔ محمد قمرالدین جمعہ کو اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور روزگار کے میدان میں جہاں بھی ناانصافی ہوگی وہ انصاف رسانی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے بھی وہ سنجیدگی سے اقدامات کریں گے۔ محمد قمرالدین نے جناب زاہد علی خان سے خواہش کی کہ وہ مسلمانوں کی ترقی کے بارے میں ان کی مسلسل رہنمائی کریں۔ انہوں نے صدرنشین کے عہدے پر نامزد کیے جانے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان سے جو بھی توقعات وابستہ کی گئی ہیں، وہ ان کی تکمیل کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فرائض کی تکمیل کے سلسلہ میں انہیں مسلمانوں کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔