۔’12 فیصد تحفظات میں ناکام کے سی آر آج مسلمانوں سے معذرت خواہی کریں‘

راہول گاندھی کے دورہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ٹی آر ایس کی بی جے پی سے خفیہ مفاہمت ، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے 12 فیصد مسلم تحفظات کی عدم ادائیگی پر مسلمانوں سے معذرت خواہی کرنے کا کے سی آر سے مطالبہ کیا ۔ گاندھی بھون میں آج تین مرحلوں میں ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ 30 ہزار منڈل و بوتھ کانگریس کمیٹیوں کے صدور سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گذشتہ 4 سال کے دوران ایسے کئی واقعات پیش آئے جس میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کا خفیہ اتحاد آشکار ہوا ہے ۔ ٹی آر ایس سربراہ نے اقتدار حاصل ہوتے ہی تاملناڈو کے طرز پر مسلمانوں کو اندرون 4 ماہ 12 فیصد مسلم تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ ساڑھے 4 سال مکمل ہونے کے باوجود چیف منسٹر کے سی آر نے مسلمانوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا جس پر ٹی آر ایس کے 2 ستمبر کو منعقد ہونے والے جلسہ عام کے ذریعہ چیف منسٹر مسلمانوں سے معذرت خواہی کریں ۔ کے سی آر اور مودی میں بڑھتی ہوئی قربت اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ کے سی آر مسلمانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی کے دورے کے بعد ٹی آر ایس کا کیڈر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے کے لیے چیف منسٹر سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرنے کے ساتھ جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے 300 کروڑ روپئے پانی کی طرح ضائع کررہے ہیں اور قبل از وقت انتخابات کا ڈرامہ کرتے ہوئے حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ تاہم کانگریس کی سونامی میں ٹی آر ایس بہہ جائے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے ۔ سماج کے مختلف طبقات سے کئے گئے وعدوں میں ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ خواتین اور بیروزگار نوجوانوں کی قدم قدم پر توہین کی جارہی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کے سی آر سے استفسار کیا کہ ٹی آر ایس کو اپنی مقبولیت پر یقین ہے تو کیوں جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے ۔ پرگتی بھون تک محدود رہنے والے چیف منسٹر عوامی مسائل سے لا علم ہے ۔ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے بڑے پیمانے کی تشہیر کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ اقتدار حاصل کرتے ہی کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان کے بدعنوانیوں کی تحقیقات کی جائے گی ۔۔