۔103 سالہ مرد کی 91 سالہ خاتون سے شادی

ایسٹ بورن ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : برطانیہ میں آج ایک 103 سالہ شخص اور 91 سالہ خاتون کی شادی ہوگئی ۔ اس طرح یہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ عمر میں شادی کرنے والا معمرین جوڑا بن گیا ہے ۔ جارج کیربی اور ڈورین لکی جو گذشتہ 27 سال سے شادی کے بغیر ازدواجی زندگی بسر کررہے تھے اور آج ایسٹ بورن کے سمندری ساحل پر واقع ایک ہوٹل میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے ۔ اس موقع پر دونوں کے چہروں پر خوشی جھلک رہی تھی ۔ 91 سالہ بزرگ دلہن نیلے پھولوں سے مزیں سفید لباس عروسی میں ملبوس تھی اور 103 سالہ دولہے میاں جو سابق باکسر بھی ہیں خوبصورت ٹائی لگائے ہوئے سوٹ بوٹ میں ملبوس تھے اور حالیہ عرصہ میں گرجانے کے بعد پیر میں فریکچر کے سبب وہیل چیر پر بیٹھے ہوئے تھے ۔ اس جوڑے نے جن کی مجموعی عمر 194 سال ہے ۔ اب فرانسیسی جوڑے فرینکوئی فرنانڈیز اور میڈیلیسن فرینکینیو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ ان دونوں کی مجموعی عمر 191 سال تھی ۔ دلہن نے فخر کے ساتھ کہا کہ شادی میں تاخیر پر کوئی افسوس نہیں ہے پہلے سوچے تھے لیکن کر نہ سکے تھے ۔ اس جوڑے کی شادی سے پہلے کی سات اولادیں ، 15 پوتے پوتیاں ، نواسے ، نواسیاں اور کئی پڑپوتے ، پڑ نواسے نواسیاں بھی شامل ہیں ۔ ڈیلی میل کے مطابق اس جوڑے نے اس سال ویلنٹائن ڈے یوم عاشقاں کے موقع پر رسم منگی کی تھی ۔۔