نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) 200 روپئے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کئے جانے کے چند دن بعد وزارت فینانس نے آج کہا کہ گذشتہ سال نومبر میں منسوخ شدہ 1000 روپئے کے کرنسی نوٹ دوبارہ متعارف کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ معتمد اقتصادی امور سبھاش چندرا گرگ نے ٹوئیٹر پر کہا کہ ’’1000 روپئے کے نوٹ دوبارہ متعارف کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے‘‘۔ واضح رہیکہ دہشت گردی کے فنڈس کی فراہمی روکنے، جعلی نوٹوں کا چلن بند کرنے اور کالے دھن پر قابو پانے کیلئے حکومت نے 8 نومبر 2016ء کو 500 اور 1000 روپئے کے کرنسی نوٹ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی طرف سے 25 اگست کو 200 روپئے کے جدید چمکدار زرد نوٹ جاری کئے گئے تھے تاکہ 100 اور 500 روپئے کے کرنسی نوٹوں کے درمیان لاپتہ خلاء کو پُر کرنے کے علاوہ کم قدر کی نوٹوں کی قلت سے پیدا شدہ دباؤ کو کم کیا جاسکے۔ 200 روپئے کے نوٹوں کے علاوہ 500 روپئے کے بھی چمکدار نیلے نوٹ بھی رواں ماہ جاری کئے جاچکے ہیں۔