۔100 روپئے کیلئے قتل کی واردات

حیدرآباد۔ 24 مئی (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ کوکٹ پلی میں 100 روپئے کیلئے قتل کی سنگین واردات پیش آئی۔ لیبر اڈے کے قریب 100 روپئے کیلئے بحث و تکرار کے دوران ساتھی کے حملے میں ساتھی ہلاک ہوگیا۔ سب انسپکٹر کوکٹ پلی پولیس بھانو پرساد نے بتایا کہ 35 سالہ سید پاشاہ جو موسی پیٹ علاقہ کے ساکن مولانا کا بیٹا تھا، پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے۔ سید پاشاہ ظہیرآباد سے روزگار کی تلاش میں موسیٰ پیٹ منتقل ہوا تھا۔ مزدوری کرتے ہوئے اپنی زندگی بسر کررہا تھا۔ سب انسپکٹر پولیس کے مطابق بحث و تکرار اور حملے کے وقت پاشاہ اور اس کا ساتھی نشہ کی حالت میں تھے۔ ان دونوں کے درمیان مصالحت بھی کروائی گئی تھی اور راستہ چلنے والے شخص نے دونوں کو آپس میں جھگڑا کرنے سے منع بھی کیا تھا۔ باوجود اس کے بحث و تکرار کے دوران لاٹھی سے حملہ میں پاشاہ فوت ہوگیا۔ پولیس کوکٹ پلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔