مدناپور ۔3 جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) نوٹ بندی پر وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہاکہ یہ اقدام ملک کے عوام پر ’معاشی دہشت گردی‘ کے مترادف تھا ۔ انھوں نے مودی زیرقیدات بی جے پی حکومت کو ’ہلّہ راج ‘ (ہلڑبازی) قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے 8 نومبر کو بڑی کرنسی کا چلن بند کرنے کا جو اعلان کیا وہ دراصل عوام پر معاشی دہشت گرد حملہ تھا ۔ انھوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے نوٹ بندی کے ذریعہ معاشی دہشت گردی شروع کی اور 10 کروڑ عوام کو بے روزگار بنادیا ۔ انھوں نے بتایا کہ ملک میں دوردراز کے 90 فیصد دیہی علاقوں میں بینکنگ سہولیات نہیں اور نوٹ بندی نے صرف عام آدمی کو ناقابل بیان مشکلات سے دوچار کیا۔ اس کے علاوہ ملک کو معاشی محاذ پر پیچھے ڈھکیل دیا۔ وزیراعظم کے نوٹ بندی اعلان کے بعد سے ممتا بنرجی مسلسل انھیں تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں اور انھوں نے احتجاجی ریالیاں بھی منظم کی تھیں۔