چندر شیکھر راؤ خود شرکت کرینگے ۔ جناب محمود علی کو انتظامات کی ہدایت
حیدرآباد۔ 2 نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 10 نومبر کو درگاہ حضرت سید جہانگیر پیراںؒ میں 51 بکروں کی نذر پیش کرینگے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے منت مانگی تھی کہ حصول تلنگانہ کے بعد وہ درگاہ میں نیاز کریں گے۔ محمد محمود علی نے بتایا کہ وہ 5 نومبر اتوار درگاہ پہونچ کر نذر و نیاز کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ تقریب میں 5,000 سے زائد لوگ شرکت کریں گے۔ سرکاری ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو ہدایت دی کہ وہ بڑے پیمانے پر نذر و نیاز کے انتظامات کو قطعیت دیں۔ 10 نومبر جمعہ کو چیف منسٹر تلنگانہ اسمبلی اجلاس کے بعد درگاہ پہنچ کر نیاز میں شرکت کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے چیف منسٹر کو مسلمانوں کا ہمدرد، اقلیت نواز اور سیکولر قائد قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کے سی آر نے تلنگانہ زائرین کیلئے درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ، اجمیر میں رباط تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کیلئے فنڈبھی مختص کردیا گیا ہے۔ وہ چیف منسٹر کی ہدایت پر راجستھان پہنچ کر چیف منسٹر وسندھرا راجے سندھیا سے ملاقات کرکے رباط کی تعمیر کیلئے اراضی مختص کرنے چیف منسٹر تلنگانہ کا مکتوب پیش کرچکے ہیں۔ اجمیر میں 30 ایکر اراضی خریدنے کا فیصلہ تقریباً قطعیت پاچکا ہے۔ وہ اسمبلی اجلاس کے بعد پھر اجمیر شریف پہونچ کر اراضی خریدنے معاہدے کو قطعیت دینگے جہاں زائرین درگاہ حضرت غریب نواز ؒ کیلئے تمام عصری سہولتوں سے آراستہ رباط کی عمارت تعمیر کی جائے گی۔