۔10 ستمبر کے بھارت بند کو کامیاب بنانے کانگریس کی اپیل

حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف 10 ستمبر کو ’بھارت بند ‘ کو تلنگانہ میں مکمل کامیاب بنانے کی عوام اور تمام جماعتوں سے اپیل کی ہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پردیش کانگریس کمیٹی ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس کے بشمول دوسری جماعتوں نے 10 ستمبر کو بھارت بند منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لہذا وہ ریاست کے تمام سیاسی جماعتوں ، رضا کارانہ تنظیموں طلبہ اور خواتین کی تنظیموں کے علاوہ چھوٹے بڑے تمام تاجرین بند کو کامیاب بنانے میں تعاون کریں ۔ ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ کسانوں کو ایک ایکڑ اراضی کیلئے 60 لیٹر ڈیزل کی ضرورت ہوتی ہے ۔ روزانہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں پر نظر ثانی کرکے کسانوں پر بوجھ عائد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل سے تلنگانہ حکومت کو 10 ہزار کروڑ کی آمدنی ہورہی ہے لیکن غریب و متوسط طبقہ کی جیب خالی ہورہی ہے ۔ ملک کی 22 ریاستوں میں سب سے زیادہ تلنگانہ میں ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ اگر ٹی آر ایس کو دوبارہ کامیاب بنایا جاتا ہے تو کے سی آر ٹیکس میں مزید اضافہ کرکے عوام کو کنگال بنادیں گے ۔ ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل کو جی ایس ٹی دائرہ کار میں شامل کرنے سے قیمتوں میں کمی آسکتی ہے جس کیلئے بی جے پی اور ٹی آر ایس تیار نہیں ہیں ۔ کانگریس کو اقتدار ملنے پر پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں کمی لانے کا وعدہ کیا ۔

ٹی آر ایس کی طاقت میں روز بروز کمی کا ادعا : ڈی کے ارونا
حیدرآباد 8 ستمبر ( این ایس ایس ) سابق وزیر و کانگریس لیڈر ڈی کے ارونا نے کہا کہ اسمبلی کی تحلیل کے بعد اب کوئی بات ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کے حق میں نہیں ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بار کرتے ہوئے کہا کہ کونگارا کلاں میں جلسہ کے بعد ٹی آر ایس کی مقبولیت اور طاقت میں روز بروز کمی آتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات ٹی آر ایس کی مخالفت کر رہے ہیں۔