پٹرول قیمتوں میںاضافہ کے خلاف احتجاج : کمیونسٹ قائدین
حیدرآباد8 ستمبر ( این ایس ایس ) سی پی آئی ‘ سی پی ایم ‘ آر ایس پی اور ایس یو سی آئی سے تعلق رکھنے والے بائیں بازو جماعتوں کے قائدین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 10 ستمبر کو تمام ریاستوں میں بھارت بند کو کامیاب بنائیں۔ مخدوم بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سدھاکر ( سی پی آئی ) ڈی جی نرسنگ راؤ ( سی پی ایم ) بالا مہیش ( آر ایس پی ) اور دوسروں نے کہا کہ عوام کو اس ہڑتال میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کو بیدخل کیا جاسکے جو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرتی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ اس حکومت میں کسانوںکی خود کشی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ ہندوستانی روپئے کی قدر میں گراوٹ آ رہی ہے ۔ ذات پات اور مذہب کے نام پر حلمے بڑھ گئے ہیںاور کارپوریٹ کمپنیوں کو 4 لاکھ کروڑ روپئے تک کے قرض معاف کردئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں رافیل طیاروںکی خریداری میں اسکام ہے ۔ نوٹ بندی سے بیروزگاری بڑھی ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو مخدوم بھون سے موٹر سیکل ریلی کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا تاکہ 10 ستمبر کی ہڑتال کے تعلق سے عوام کو واقف کروایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ 10 ستمبر کو بس بھون سے آر ٹی سی چوراہے تک جلوس بھی منظم کیا جائیگا ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔