مظفر نگر فسادات
مظفر نگر۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) 2013ء کے مظفر نگر فسادات کے دوران قتل کے ایک مقدمہ میں ملوث 6 افراد کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے دی گئی کلین چٹ کو مسترد کرتے ہوئے ایک مقامی عدالت نے تمام 6 ملزمین کے خلاف سمن جاری کی ہے۔ ریسیڈنشیل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ انکور شرما نے پرہلاد، وٹان، دیویندر، جیتندر، یوگیندر اور رویندر کو 27 اگست 2013ء کو شاہنواز کے قتل کے ضمن میں 10 جولائی کو عدالت میں حاضری کا حکم دیا ہے۔ شاہنواز کے والد محمد وسیم نے اپنے وکیل محسن زیدی کے توسط سے پیش کردہ خانگی شکایت کا مجسٹریٹ نے نوٹ لیا۔ محمد وسیم نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے اس مقدمہ کی تحقیقات بند کرنے سے متعلق پیش کردہ رپورٹ پر اعتراض کیا تھا جس میں فرقہ وارانہ فسادات کے دوران شاہنواز کو چاقو گھونپنے والے ملزمین کو بری کردیا گیا تھا۔ پولیس نے اس مقدمہ میں 8 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا تھا۔ ماباقی دو ملزمین سچن اور گورو موضع کاول میں ہجوم کے حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔