اسلام آباد ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے ہندوستان کے اس بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا کہ دہشت گرد گروپس کے خلاف کارروائی کے لئے سرحد پار کرنے سے بھی پس و پیش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو میانمار کی غلطی یہاں نہیں کرنی چاہئے کیونکہ پاکستان کی مسلح فورس سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میانمار نہیں ہے اور ہندوستان کو یہ حقیقت پیش نظر رکھنی چاہئے۔ منسٹر آف اسٹیٹ اطلاعات راجیو ورتن راتھوڑ نے میانمار میں ہندوستان کی فوجی کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تمام ممالک بشمول پاکستان کیلئے واضح پیام ہے۔ ہندوستان دہشت گردی کے کسی بھی مقام پر واقع مراکز پر اپنی مرضی کے مطابق حملہ کرسکتا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر مسلسل خلاف ورزی اور ہندوستانی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس طرح کے بیانات سے متاثر نہیں ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک ہندوستان کے ساتھ امن کا خواہاں ہیں لیکن وہ تسلط کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔ ہندوستان کو یہ خواب دیکھنا بند کردینا چاہئے۔