واشنگٹن۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کیجانب سے نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے سے فلسطین کیساتھ امن معاہدے کو نقصان پہنچے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ امریکہ کو ایسی اطلاعات ہیں کہ اسرائیل مشرقی مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں سیکڑوں نئی رہائشی یونٹس کی تعمیرات کا پہلے سے منصوبہ بندی کر رہا ہے۔اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو یہ فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ کرنے، یہودی آباد کاری میں توسیع اور نئی بستیوں کے قیام کا ایک منظم عمل لگ رہا ہے جو بنیادی طور پر مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے نقصان دہ ہے۔
نرسنگ ہوم میں آتشزدگی ، 5 ہلاک
تائیپی۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک نرسنگ ہوم میں لگی آگ نے پانچ افراد کو ہلاک کردیا جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 29 ہے۔ ٹیلی ویژن فوٹیج میں دکھایا گیا کہ بچاؤ کاری میں مصروف لوگ معمر افراد کو ترجیح دیتے ہوئے پہلے انہیں وہاں سے نکال رہے ہیں جن میں سے بیشتر افراد ایسے ہیں جن کے لباس دھویں کی وجہ سے سیاہ ہوگئے ہیں۔ نرسنگ ہوم کے 8 ویں منزلہ پر تین نعشیں ملی ہیں جبکہ نرسنگ ہوم 10 منزلہ ہے۔ نیو تائیپی کے ژندیان میں واقع اس نرسنگ ہوم سے بچاؤ کاری عملہ نے 31 افراد کو دیگر ہاسپٹل منتقل کیا۔