مقبوضہ بیت المقدس 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے مقبوضہ علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے پر فلسطین کے موقف کی حمایت کرنے پر برطانیہ، فرانس، اٹلی اور اسپین کے سفیروں کو طلب کرلیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فورسیز نے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی تعمیرات کے خلاف غزہ کی سرحد کے قریب احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں دو فلسطینی زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ، فرانس، اٹلی اور اسپین کی جانب سے مشرقی بیت المقدس اور مغربی کنارے میں اسرائیلی تعمیرات کے منصوبے پر اسرائیلی سفیروں کو طلب کرنے کے جواب میں اسرائیل نے جمعہ کے روز مذکورہ ممالک کے سفیروں کو طلب کرلیا اور فلسطین کی حمایت کرنے پر شدید احتجاج کیا۔ اسرائیلی دفتر خارجہ نے موقف اختیار کیاکہ فلسطینیوں کی حمایت میں ان ممالک کا موقف جانبدارانہ ہے جو اسرائیل کیلئے قابل قبول نہیں ہے اور امن معاہدے کیلئے جاری کوششوں کے حق میں بھی اچھا نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل نے مشرقی بیت المقدس اور مغربی کنارے میں 1400 نئے مکانات تعمیر کرنے کی خاطر ٹنڈر طلب کئے تھے۔
بنگلہ دیش میں ذرائع ابلاغ کے خلاف حکومت کی کارروائی
ڈھاکہ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے ذرائع ابلاغ پر قدغن کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ حکومت نے بنگالی اخبار انقلاب کو جھوٹی اور بناوٹی خبر کی اشاعت کے الزام پر سیل کردیا اور اس کے چار صحافیوں کو حراست میں لے لیا۔ جمعرات کو ان صحافیوں کو عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر انھیں جیل بھیج دیا گیا۔ پولیس نے تین صحافیوں کو ریمانڈ پر دینے کے لئے عدالت سے اپیل کی ہے۔ جس کی سماعت آئندہ پیشی میں ہوگی۔ اخبار کے ایڈیٹر کو ملک سے باہر رہنے کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ یہ بنگلہ دیش کا دوسرا اخبار ہے جسے حکومت نے بند کردیا ہے۔ سابق اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیاء نے اخبار کو بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ جمہوریت کے منافی ہے اور آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے۔