ولنوئیس 26 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کے وزیر اعظم نے آج کہا کہ یہودیوں کو ان کی نسل کشی کے کئی دہوں کے بعد بھی خطرات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہودی عوام کیلئے ان 75 سالوں میں کچھ نہیں بدلا ہے ۔ یہودیوں کو تباہ کرنے کی کوششیں ختم نہیں ہوئی ہیں۔ کچھ لوگ اب بھی ہمیں تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ نتن یاہو نے لتھوانیا کے تقریبا 300 یہودیوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل اور یہودیوں کو آج بھی ایران اور حماس سے خطرہ ہے ۔ حماس غزہ پٹی میں حکومت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دہوں میں اگر کچھ بدلا ہے تو وہ ہماری صلاحیتیں ہیں کہ ہم خود کا دفاع کرسکیں ۔ یہ تاریخ کی ایک اہم تبدیلی ہے ۔ نتن یاہو وہ پہلے اسرائیلی وزیر اعظم ہیں جو لتھوانیا کے دورے پر آئے ہیں۔ جنگ سے قبل کے لتھوانیا میں یہودیوں کی کافی تعداد موجود تھی اور خاص طورپر ولنوئیس شہر میں یہودیوں کا مرکز بن گیا تھا ۔