یکم ستمبر کو مسودہ فہرست رائے دہندگان کی اجرائی پر سیاسی جماعتوںکی نظریں مرکوز

قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان تمام پارٹیاں مستعد۔کارکنوں کو متحرک ہوجانے کی ہدایت
حیدرآباد۔29اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست میں قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے دوران تمام سیاسی جماعتوں کی نظریں یکم ستمبر کو جاری کئے جانے والے مسودہ فہرست رائے دہندگان پر مرکوز ہیں اور حیدرآباد میں بھی سیاسی جماعتیں فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کی اجرائی کی منتظر ہیں اور اپنے تمام کارکنوں کو اس بات کی ہدایات دی جارہی ہیں کہ وہ مسودہ کی مکمل جانچ کو یقینی بنائیں کیونکہ اس بات کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے دورا ن لاکھوں رائے دہندوں کے نام حذف کئے گئے ہیں ۔ بتایاجاتاہے کہ عہدیدارو ںنے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے دوران فرضی ‘ مرحومین اور اپنے مکانات تبدیل کرنے والوں کے ناموں کو حذف کرنے میں مستعدی کا مظاہرہ کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ شہر حیدرآباد کی فہرست رائے دہندگان میں غیر مقامی افراد کے علاوہ فرضی رائے دہندوں کی بھاری تعداد کی نشاندہی کئے جانے کے بعد انہیں حذف کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں شہر حیدرآباد کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود رائے دہندوں کے ناموں کی جانچ کے معاملہ میں مستعدی کا مظاہرہ کرنے والی ہیں کیونکہ انہیں اپنے رائے دہندوں کی برقراری کا جائزہ لینا ضروری ہے۔سال 2014عام انتخابات کے فوری بعد شہر حیدرآباد میں فرضی رائے دہندوں کی بھاری تعداد کا انکشاف ہوا تھا اور اس سلسلہ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے الیکشن کمیشن سے شکایات کے علاوہ عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے فہرست رائے دہندگان کو درست کروانے کی خواہش کی تھی۔ یکم ستمبر کو جاری کئے جانے والے فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کی جانچ کے لئے اپنے کارکنوںکو متحرک کرنا شروع کردیا ہے تاکہ مسودہ کی اجرائی کے ساتھ ہی فوری جانچ کو ممکن بنایاجاسکے ۔ شہر حیدرآباد کی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی کے بعد شہریوں کو بھی چاہئے کہ وہ مسودہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی جانچ کو یقینی بنائیں تاکہ ان کا حق رائے دہی محفوظ رہے اور انہیں اس بات کی طمانیت حاصل ہو کہ ان کے خاندان میں کسی کے نام حذف نہ کئے گئے ہوں۔ بلدی عہدیدارو ںکا کہناہے کہ فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے کے لئے ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں۔