یکم جنوری سے زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی : چیف منسٹر

حیدرآباد 28 ڈسمبر ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ ان کی حکومت زرعی شعبہ کو یکم جنوری سے 24 گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہ کرنے تیار ہے ۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور ان سے کہا کہ وہ ریاست میں جنوری سے برقی کی طلب میں ہونے والے اضافہ سے نمٹنے کیلئے ایک حکمت عملی تیار کریں۔ تخمینہ کیا جا رہا ہے کہ 24 گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہی پر 12,610 کروڑ روپئے کے اخراجات آئیں گے اس کے علاوہ ماہ مارچ سے برقی کی طلب مزید بڑھ کر 11000 میگاواٹ ہوجائیگی ۔ چیف منسٹر نے پاور کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ برقی کی بڑھتی ہوئی طلب سے نمٹنے کیلئے ایک ایکشن پلان تیار کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بلاوقفہ برقی سربراہی جاری رہے ۔ ریاست میں زرعی شعبہ کو 9 گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہ کی جا رہی ہے اور اب اس کو توسیع دیتے ہوئے یکم جنوری سے بلاوقفہ 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جائیگی ۔ چیف منسٹر نے اس امید کا اظہار کیا کہ کسانوں کی جانب سے برقی کی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے پاور اسٹارٹرس کا استعمال ترک کیا جائیگا ۔ عہدیداروں کی جانب سے بھی یکم جنوری سے کسانوں کو بلاوقفہ مفت برقی سربراہی کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ یہ سربراہی 31 ڈسمبر کی رات 12 بجکر 1 منٹ سے شروع ہوگی ۔ چیف منسٹر نے ٹی ایس جینکو ‘ ٹی ایس ٹرانسکو ‘ ٹی ایس ڈسکامس کے عہدیداروں کے ساتھ ان کی تیاریوں کے تعلق سے مختصر تبادلہ خیال کیا ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ مارچ تک برقی کی طلب بڑھ کر 11000 میگاواٹ ہوجائیگی اور اس کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔