یکم تا 4 اپریل سی پی آئی کی سالانہ کانفرنس،پوسٹرس کا رسم اجراء ، مرکزی حکومت کے خلاف محاذ آرائی پر غور

حیدرآباد۔21مارچ(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا تلنگانہ یونٹ کے زیر اہتمام منعقد شدنی دوسرے ریاستی کانفرنس کے پوسٹرس کی آج پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںاجرائی عمل میں آئی۔ پارٹی اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ یکم تا4اپریل کانفرنس نمائش میدان میں مرکزی جلسہ عام کے ساتھ ختم ہوگی ۔ اس دوران پارٹی ریاستی سطح پر بی جے پی اور اس کی ہم خیال ٹی آر ایس پارٹی کو مرکز او رریاست میںدوبارہ اقتدار میں آنے سے روکنے کاکام کریگی ۔ ریڈی نے مزیدکہاکہ کے سی آر تیسری فرنٹ تشکیل دینے کی بات تو کررہے ہیںمگر ریاست میںپچھلے چارسالوں میںاپنی حکومت کی کارکردگی پر جواب نہیںدینے سے گریز کررہے ہیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ مرکز ی کی مودی حکومت اور ریاست تلنگانہ میںبرسراقتدار کے سی آر کی حکومت دونوں ہی غیرجمہوری انداز کی حکمرانی کو ترجیح دے رہے ہیں۔ تلنگانہ میںجہاں اپوزیشن کی آواز دبانے کے لئے کے سی آر حکومت غیرجمہوری اقدامات اٹھارہی ہے وہیں مرکز میںبھی نریندرمودی کی زیرقیادت بی جے پی اپوزیشن کی اہمیت کو ختم کرنے کوشاں ہیں۔ دونوں حکمران جماعتوں کا طرز حکمرانی جمہوری اقدار کی پامالی کے مترادف ہے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ کانفرنس میں مرکزی او رریاستی حکومتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر محاذ آرائی کی حکمت عملی کوقطعیت دی جائے گی۔ اس موقع پر پالا وینکٹ ریڈی‘ سی پی آئی سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا‘ پی پدما‘ این نرسمہا ‘ وینکیٹش ‘ گولیایہ بھی موجود تھے۔