یکساں سیول کوڈ کے خلاف مختلف تنظیموں کا ردعمل خوش آئند

چیرمین لاء کمیشن کو ایک لاکھ خطوط ، بعد نماز جمعہ پمفلٹس کی تقسیم ، محمد عثمان شہید کا بیان
حیدرآباد /28 جولائی ( راست ) جناب محمد عثمان شہید ایڈوکیٹ و صدر آل انڈیا مسلم فرنٹ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے خلاف حیدرآباد کی مختلف تنظیموں کی جانب سے ظاہر کردہ ردعمل خوش آئند ہے ۔ آل انڈیا مسلم فرنٹ آج تین سال سے مسلسل مسلمانوں کی توجہ اس مسئلہ پر مبذول کرواتے ہوئے تقریروں اور تحریروں کے ذریعہ ان سے بیدار ہونے کے اپیل کر رہا ہے ۔ الحمدللہ اب بیداری کی لہر پیدا ہو رہی ہے جو خوش آئند ہے ۔ مسلم فرنٹ ایک لاکھ خطوط تیار کرچکی ہے جس کے ذریعہ چیرمین لا کمیشن کو اطلاع دی جارہی ہے کہ مسلمانان ہند کسی قیمت پر یکساں سیول کوڈ قبول کرنے تیار نہیں  ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ محبوب نگر ، رنگاریڈی اور ورنگل سے بھی لاتعداد خطوط بھیجے جاچکے ہیں ۔ پمفلٹ کی اشاعت بھی عمل میں لائی جارہی ہے جو بروز جمعہ بعد نماز مختلف مساجد میں تقسیم کئے جائیں گے تاکہ شعور بیداری مہم کے ذریعہ مسلمانوں کو اس قانون کے مضر اثرات سے واقف کروایا جاسکے ۔ اس سلسلے میں سیکولر وکلاء کا ایک سمینار بہت جلد روبی گارڈن کنگ کوٹھی  میںمنعقد کیا جائے گا ۔ جس میں جناب کے پرتاپ ریڈی سینئیر ایڈوکیٹ مہمان خصوصی ہوں گے ۔ توقع ہے کہ انڈین یونین مسلم لیگ کے سابق ایم ایل اے نظام الدین اور کرناٹک کے سابق وزیر جناب قمرالاسلام بھی خطاب کریں گے ۔ ان کے علاوہ مختلف قائدین کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔ محسن ملت جناب نواب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست سے گذارش کی جائے گی کہ وہ اس مہم کی سرپرستی فرمائیں ۔ مسلمان یکساں سیول کوڈ کے تعلق سے کسی بھی غفلت سے کام نہ لیںکیونکہ یہ تلوار ہمارے سر پر لٹک رہی ہے اور کسی بھی وقت شریعت محمدی ﷺ کو مٹا سکتی ہے ۔ ہم اپنی تمام توانیاں ذرائع وسائل اس ’’ سیاہ قانون ‘‘ کے خلاف جھونک دیں ۔