مسلم پرسنل لا بورڈ کی حمایت و تائید ، مکہ مسجد میں غیر مسلموں کا اظہار یگانگت
حیدرآباد۔28اکٹوبر(سیاست نیوز)یکساں سیول کوڈ کے خلاف مسلم پرسنل لاء بورڈ کے موقف کی تائید وحمایت کرتے ہوئے دلت اورقبائیلی تنظیموں کے ذمہ داران وسربراہان نے تاریخی مکہ مسجد کے دامن میںبعدنماز جمعہ دستخطی مہم کے فارمس تقسیم کئے۔دلت لیڈر جے بی راجوکی قیادت میں سی ایل یادگیری ‘ راملو یادو‘ پروفیسر پروین کمار کے علاوہ چیف کنونیر فرنٹ ثناء اللہ خان‘ حیات حسین حبیب‘ رشید خان آزاد‘ شیخ فہیم‘ ڈاکٹرمحمد ناظم علی‘ سدرشن‘ ایم اے رشید‘محمدولی کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سابق کارپوریٹر وکانگریس قائد محمد غوث نے بھی اس پروگرام میںمہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے بی راجو نے مودی حکومت کی جانب سے یونیفارم سیول کوڈ کے نفاذ کی کوششوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہو ںنے کہاکہ مودی حکومت یونیفارم سیول کوڈ کے نام پر اس ملک کی عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ طلاق ثلاثہ ہو یا پھر کوئی اور مسئلہ دلت اورقبائیلی طبقات مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی کسی بھی ناانصافی پر خاموشی اختیا رکرنے والے نہیںہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں دلت او رقبائیلی طبقات مسلم پرسنل لاء بورڈ کی تائید وحمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان صبر تحمل کے ساتھ دستخطی مہم کا انعقاد عمل میںلائیںاور کروڑ ہا دستخطی فارم مرکزی حکومت کے حوالہ کریں۔سدرشن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہو ںنے کہاکہ اترپردیش انتخابات سے قبل یونیفارم سیول کوڈ کے نام پر حکومت ہندو اور مسلمانوں میں نفرت پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔ جناب محمد غوث نے مکہ مسجد میں دلت او رقبائیلیوں کی جانب سے دستخطی مہم کے انعقادکو مذہبی رواداری کی بہترین مثال قراردیا او رکہاکہ جہاں پر دلت اورمسلم اتحاد کے ذریعہ یکساں سیول کوڈ کی مخالفت کی جارہی ہے وہیں پر مرکزی حکومت یونیفارم سیول کوڈ کے نام پر ہندواور مسلمانوں کے درمیان میںنفرت پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔