حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : سی پی آئی کے قومی سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے لاء کمیشن کی اس سفارش کا خیر مقدم کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں فی الحال یکساں سیول کوڈ کی ضرورت نہیں ہے ۔ کمیونسٹ قائد نے کہا کہ یہ ایک اہم سفارش ہے جس پر غور و بحث کی ضرورت ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ لاء کمیشن نے بجا طور پر کہا ہے کہ متحدہ قوم کے لیے مزید کسی یکسانیت کی ضرورت نہیں ہے ۔ چنانچہ ہمارے تکثیر معاشرہ کو انسانی حقوق کے اصولوں کے مطابق فروغ دینے کے لیے مساعی کرنے کی ضرورت ہے ۔ سیکولرازم پر تبصرہ میں کہا گیا ہے کہ مذہبی و علاقائی متنوع کسی اکثریت کی بھاری آواز تلے زیر بار نہ ہوجائے ۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ لاء کمیشن نے یہ سفارش بھی کی ہے کہ متعصب اور امتیازی اقدامات کو مذہبی عقائد کی پناہ میں تحفظ نہیں دیا جانا چاہئے ۔ سی پی آئی لیڈر نے بیک وقت انتخابات کے لیے لا کمیشن کی سفارش کی مخالفت کی اور کہا کہ کسی جمہوری نظام میں یہ ریاستوں اور وفاق کی خود اختیاری کے لیے نقصان دہ ہوگا ۔ سی پی آئی نے سٹہ بازی اور جوا کو قانونی موقف دینے لاء کمیشن کی طرف سے قبل ازیں کی سفارش کو بھی مسترد کردیا ۔۔