یکساں سیول کوڈ اور طلاق ثلاثہ کے لائحہ عمل کو قطعیت دینے مسلم پرسنل لا بورڈ کا اجلاس

کولکتہ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) یکساں سیول کوڈ اور طلاق ثلاثہ پر گرماگرم ملک گیر مباحث کے دوران کُل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا کہ آئندہ لائحہ عمل کی اِن مسائل کے سلسلے میں اس کے آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ دونوں مسائل کو پرسنل لا اور مسلمانوں کے بنیادی حقوق کا اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے بورڈ نے کہا کہ وہ ایک سیکولر پلیٹ فارم قائم کرنے کی اپیل کرے گا تاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے بُرے عزائم کا مقابلہ کیا جاسکے۔ ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ اور صدرنشین بورڈ انتظامی کمیٹی سلطان احمد نے کہا کہ بورڈ عام طور پر صرف مسلم پرسنل لا کی بات کرتا ہے اور وسیع تر بنیاد پر شادی، طلاق، ترکہ اور متبنٰی کرنے کے مسائل کا احاطہ کرتا ہے۔ یہ مسلم فرقوں کا ایک وفاق ہے۔