یٰسین بھٹکل اور ساتھی کی درخواست ضمانت مسترد

نئی دہلی ۔ 10 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین مجاہدین کے معاون بانی یٰسین بھٹکل اور اُس کے ساتھی اسداﷲ اختر کو ستمبر 2008 ء دہلی سلسلہ وار دھماکوں کے مقدمہ کے سلسلے میں عدالت نے ضمانت منظور کرنے سے انکار کردیا ۔ اس کے علاوہ تحقیقات مکمل کرنے کے لئے پولیس کی 15 دن تحویل میں دینے کی درخواست منظور کرلی۔ ایڈیشنل سیشن جج دیا پرکاش نے بھٹکل اور اختر کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا جو اس بنیاد پر دائر کی گئی تھی کہ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے مقررہ 90 یوم کے اندر اُن کے خلاف اضافی چارج شیٹ پیش نہیں کی ہے ۔ ان دونوں کو گزشتہ سال 10 ڈسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ ملزمین کے وکیل ایم ایس خان نے درخواست ضمانت میں کہا تھا کہ ریاستی پولیس تحقیقات کی مدت میں توسیع کی خواہش کررہی ہے حالانکہ انھیں گرفتار کئے 90 دن گذرچکے ہیں۔ سماعت کے دوران انھوں نے پولیس کی جانب سے تحویل میں دینے کی درخواست کی مخالفت کی۔ یٰسین بھٹکل اور اسداللہ اختر آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے کیونکہ مہاراشٹرا اے ٹی ایس نے انھیں مختلف دیگر مقدمات کے سلسلے میں تحویل میں رکھا ہے ۔ دہلی دھماکوں کے مقدمہ میں انڈین مجاہدین کے 13 مشتبہ ارکان قانونی چارہ جوئی کا سامنا کررہے ہیں۔