نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے انڈین مجاہدین کے مبینہ سرغنہ یٰسین بھٹکل اور دیگر آٹھ افراد کے خلاف 2010ء کے جامع مسجد دھماکے سے متعلق دو مقدمات میں فردجرم عائد کردیا۔ ایڈیشنل سیشن جج سدھارتھ شرما نے کہاکہ ان (ملزمین) کے خلاف خاطرخواہ ثبوت ہیں اور الزامات وضع کردیئے گئے ہیں۔ ملزمین نے اپنی بے قصوری کا دعویٰ کیا تھا۔ اس عدالت نے جیل میں زیرقید ایک ملزم اعزاز شیخ کے خلاف حاضری کا وارنٹ جاری کیا ہے جس کو ممبئی جیل سے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا تھا۔ بھٹکل کے علاوہ گوہر عزیز، گوہر احمد جمالی، محمد عادل، محمد ارشاد خاں، محمد آفتاب عالم، کمال اسداللہ اختر اور ضیاء الرحمن کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔ ایک ملزم محمد قتل صدیقی دوران مقدمہ فوت ہوگیا تھا۔ قبل ازیں پولیس نے جامع مسجد دھماکہ کیس کے ضمن میں انڈین مجاہدین کے 11 مشتبہ کارکنوں کے خلاف چارج شیٹ پیش کی تھی۔ ان پر 2010ء کے کامن ویلتھ گیمس میں بیرون ملکوں کوحصہ لینے سے روکنے کیلئے دھماکہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔