یو گینڈا میں ممبران پارلیمنٹ و صحافیوں پر طاقت کا استعمال تشویشناک :امریکہ

واشنگٹن ۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)امریکہ نے صحافیوں اور ممبران پارلیمنٹ پر ہوئے طاقت کے استعمال پر ‘تشویش کا اظہارکیا ہے ۔ امریکی عہدیدار نے پیر کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے مغربی ارواہ ضلع میں رکن پارلیمان اور صحافیوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے انتہائی طاقت کا استعمال کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے ، "ہم نے یوگینڈا کے سیکورٹی فورسزکے سپیشل فورس کمانڈر ( ایس ایف سی ) کی جانب سے ممبران پارلیمنٹ، صحافیوں اور دیگر کے خلاف انتہائی طاقت کے استعمال کے بارے میں کئی معتبر رپورٹیں موصول ہوئی ہیں۔امریکہ اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ یوگینڈا سر کار کی جانب سے اس طرح کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے ۔ یو گینڈا کے پانچ ممبران پارلیمنٹ کو پچھلے مہینے ارواہ سے گرفتار کیا گیا تھاجس میں اپوزیشن پارٹی کے لیڈررابرٹ کیگولیانی بھی شامل تھے جنہیں میوزیشن بابی بائن کے نام سے جانا جاتاہے ۔مسٹر کیگولیانی اور ان کے ساتھی ممبر فرانسس جیک نے کہا کہ حراست میں اُن پر تشدد کیا گیا۔یوگینڈا کے حزب اختلاف کی جماعتوں نے امریکہ سے یوگنڈا کو فوجی امداد کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 1986 سے یوگینڈا میں اقتدار پر قابض صدر یو ویری موسیوینی نے اتوار کو ملک کی سیاست میں غیر ملکی مداخلت کے بارے میں خبردار کیا تھا ۔