بی جے پی ۔ شیوسینا تائید و دستبرداری پر تجسس ، بی جے پی کی نئی حکمت عملی
حیدرآباد۔یکم ۔ مارچ (سیاست نیوز) اترپردیش انتخابی نتائج مہاراشٹرا میں بھی وسط مدتی انتخابات کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔ برہین ممبئی میونسپل کارپوریشن میں کسی بھی سیاسی پارٹی کو مکمل اکثریت حاصل نہ ہونے کے سبب پیدا شدہ صورتحال اور مہاراشٹرا میں ہوئے 10کارپوریشن میں 8کارپوریشن پر بھارتیہ جنتاپارٹی کو حاصل کامیابی نے مہاراشٹرا میں بی جے پی کے حوصلوں میں اضافہ کیا ہے جس کے سبب بھارتیہ جنتا پارٹی نے شیو سینا سے علحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنے طور پر حکومت بنانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ مہاراشٹرا میں فی الحال بی جے پی کو شیوسینا کی تائید حاصل ہے جس کے سبب ریاستی حکومت برقرار ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اترپردیش کے انتخابی نتائج اگر بی جے پی کے حق میں آتے ہیں تو ایسی صورت میں بی جے پی خود مہاراشٹرا اسمبلی کی تحلیل کے متعلق فیصلہ کرے گی اور اگر حسب توقع اتر پردیش میں بی جے پی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ایسی صورت میں شیو سینا مہاراشٹرا اسمبلی میں بی جے پی کو دی گئی تائید واپس لیتے ہوئے ریاستی حکومت کو گرانے کے متعلق غور کرے گی کیونکہ ممبئی میں مئیر کیلئے این سی پی نے شیو سینا کی مشروط تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر شیو سینا ریاستی حکومت کوفراہم کردہ تائید واپس لیتی ہے تو ایسی صورت میں این سی پی مئیر کیلئے شیو سینا کی تائید کرنے تیار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹردیویندر فڈنویس نے مہاراشٹرا میں 10 میں ہوئے انتخابات میں 8کارپوریشن پر بی جے پی کی کامیابی کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے اترپردیش انتخابات کے نتائج کے بعد اسمبلی تحلیل کرنے کے متعلق بات چیت کی ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مہاراشٹرا میں انتخابات کے لئے بی جے پی اپنی حکمت عملی سے مطمئن ہے اور ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ وسط مدتی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کو قطعیت دینے میں مصروف ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اتر پردیش کے نتائج کچھ بھی ہو بی جے پی گجرات کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر ا کے انتخابات کروانے کے فراق میں ہے کیونکہ دونوں ریاستوں میں اس کے اثرات مرتب ہوں گے ایسا بی جے پی قیادت کا ماننا ہے اور شیو سینا اس بات کا انتظار کر رہی ہے کہ اگر بی جے پی کو اتر پردیش میں اقتدار حاصل ہوتا ہے تو وہ مہاراشٹرا میں خاموشی اختیار کرے گی لیکن اتر پردیش میں اقتدار کے حصول کی صورت میں بی جے پی کے حوصلوں میں اضافہ ہوگا اور وہ وسط مدتی انتخابات کی سمت پیش قدمی کرسکتی ہے۔
ایم جی گوپال اور وی کے اگروال وظیفہ حسن خدمات پر سبکدوش
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ ریونیو مسٹر ایم جی گوپال وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوئے ۔ گوپال ملازمت کے دوران کئی ایک اہم عہدوں بشمول منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ، چیف ایکزیکٹیو آفیسر نروملا تروپتی دیواستھانم تروپتی ، پرنسپال سکریٹری برائے گورنر متحدہ آندھرا پردیش ، پرنسپال سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اور اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ ریونیو وغیرہ پر فائز رہتے ہوئے اپنی شاندار خدمات انجام دیں ۔ علاوہ ازیں ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر ایم چناریڈی انسٹی ٹیوٹ برائے فروغ انسانی وسائل ( ایم سی ایچ آر ڈی ) مسٹر وی کے اگروال بھی آج وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوئے ۔۔