لکھنؤ ۔ /29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر اوم پرکاش راج بہار کے موٹروں کے قافلے میں شامل کار کی مبینہ ٹکر سے ایک 5 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا ۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاستی پولیس سربراہ سے اس واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے ۔ راج بہار نے کہا کہ وہ اس قافلے میں سفر نہیں کررہے تھے ۔ یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا جبکہ اترپردیش میں بلدی انتخابات قریب ہیں ۔ پولیس نے کہا کہ کابینی وزیر راج بہار کی کاروں کا قافلہ جس وقت گزررہا تھا ایک کار نے 5 سالہ بچے کو ٹکر دیدی۔ یہ لڑکا سڑک کے کنارے کھیل رہا تھا اور کار کی زد میں آگیا ۔ برہم عوام نے لڑکے کی نعش سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔