رامپور ۔26جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) رام پور میں ایک ذہنی معذور نوجوان کی جانب سے مبینہ طور پر ’’مقدس ‘‘ چادر جلادینے کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ مبینہ طور پر اس نوجوان نے سوار تحصیل قصبہ میں مقدس چادر کو نذرآتش کردیا تھا۔ ایس پی سادھنا گوسوامی نے کہا کہ دھواں اٹھتاہوا دیکھ کر لوگوں نے اس نوجوان کو پکڑ کر زدوکوب کیا ۔ بعدازاں اس نوجوان کو احتجاجی ہجوم کے ہاتھوں سے چھڑا لیا گیا لیکن پورے قصبہ میں کشیدگی پھیلی ہوئی ہے ۔ اس واقعہ کے بعد درگاہ کے قریب عوام کا ہجوم جمع ہوگیا تھا اور سنگباری کررہا تھا ۔ تحصیل کے عہدیداروں نے کلکٹر کو تفصیلات سے واقف کروایا ۔ ضلع پولیس سربراہ اس مقام پر پہنچ گئے تاکہ برہم عوام کے غصہ پر قابو پاسکیں ۔ ضلع مجسٹریٹ ایچ کے چوہان اور ایس پی کو بھی سنگباری کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ زخمی نہیں ہوئے ۔
صوبائی مسلح کانسٹبلری( پی اے سی) اور پولیس کو مختلف پولیس اسٹیشنوں سے طلب کرلیا گیا اور تمام سرکردہ افراد پر نگرانی شروع کردی گئی ۔ پولیس کے بموجب زخمی پولیس ارکان عملہ کا مقامی اسپتالوں میں علاج کیا جارہا ہے ۔ صورتحال قابو میں لیکن کشیدہ ہے ۔ ملازمین پولیس برہم ہجوم کی سنگباری سے زخمی ہوئے تھے ۔