یو پی میں پانچویں مرحلہ کے تحت 51 حلقوں میں آج رائے دہی

امیٹھی پر توجہ مرکوز ، 1.84 کروڑ ووٹرس ، 608 امیدواروں کے مقدر کا فیصلہ کریں گے
لکھنؤ ۔ /26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلہ کے تحت نیپال کے نشیبی پہاڑیوں کے دامن میں ترائی علاقہ سے متصلہ حساس علاقوں میں کل دو شنبہ ہونے والی رائے دہی کے موقع پر کئے گئے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کے درمیان مرکزی فورسیس نے آج فلیگ مارچ کیا ۔ نیپال سے متصلہ پانچ سرحدی ضلعوں کے بشمول 11 اضلاع کے 51 اسمبلی حلقوں میں پیر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ بالخصوص نہرو گاندھی خاندان کے طاقتور سیال گڈہ امیٹھی پر تمام نظریں مرکوز ہیں ۔ اس مرحلہ میں مقابلہ کرنے والے اہم امیدواروں میں متنازعہ وزیر گیاتری پرساد پرجاپتی (ایس پی) بھی شامل ہیں جنہیں حلیف کانگریس کی امیدوار امیتا سنگھ اور ان کی سوتن گریما سنگھ (بی جے پی) سے سخت مقابلہ ہے ۔ امیتا سنگھ ، کانگریس کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ کی بیوی ہیں اور گریما سنجے سنگھ کی مطلقہ بیوی ہیں ۔ چنانچہ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے پارلیمانی حلقہ امیٹھی کے اس حلقہ اسمبلی میں ایک رانی کا مقابلہ دوسری رانی سے ہورہا ہے ۔ اس مرحلہ کے تحت اضلاع بلرام پور ، گرانڈا ، فیض آباد ، امبیڈکر نگر ، بہرائج ، شراوستی ، بستی ، سدھارتھ نگر ، سنت کبیر نگر ، امیٹھی اور سلطان پور میں رائے دہی ہورہی ہے ۔

 

جہاں 2012 ء کے انتخابات میں حکمراں ایس پی کو 52 کے منجملہ 37 حلقوں میں کامیابی ملی تھی ۔ کانگریس اور بی جپی کو پانچ پانچ نشستیں حاصل ہوئی تھیں ۔ بی ایس پی نے تین اور پیس پارٹی نے دو پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ چند اضلاع اگرچہ نیپال کی سرحد سے زیادہ دور نہیں ہیں لیکن وزیراعظم نریندر مودی نے گونڈا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران کانپور ٹرین حادثہ کا حوالہ دیا تھا ۔ اس حادثہ میں 150 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ مودی نے کہا تھا کہ ’’ایک سازش کے تحت یہ حادثہ پیش آیا تھا اور سازشی عناصر سرحد کے آس پاس بیٹھے ہیں ‘‘۔ 1.84 کروڑ ووٹرس جس میں 96 لاکھ خواتین بھی شامل ہیں 608 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔ انتہائی تلخ مہم کے دوران وزیراعظم نریندر مودی اور  چیف منسٹر اکھلیش یادو کے درمیان بعض انتہائی دلچسپ اور بالخصوص گدھے کے موضوع پر سخت ریمارکس کا تبادلہ بھی عمل میں آیا تھا ۔ اکھلیش نے ہالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن سے بالواسطہ طور پر کہا تھا کہ ’’گجرات کے گدھوں کی تشہیر مت کیجئے ‘‘ ۔ جس کے جواب میں نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’’میں نے گدوھوں سے بھی کام کرنے کی ترغیب حاصل کی ہے ۔ کیونکہ میں بھی رات دن کام کیا کرتا ہوں ۔ گدھے اپنے مالک کے وفادار ہوتے ہیں ۔
وہ (گدھے) خواہ بیمار ہوں کہ بھوکے ہوں یا پھر تھکے ماندے ہوں بہرحال اپنا کام پائے تکمیل کو پہونچاتے ہیں ۔ اکھلیش جی یہ 125 کروڑ عوام میرے مالک ہیں اور میں وہ تمام کرتا ہوں جو وہ (عوام) سمجھ سے کہتے ہیں ۔ یہ سبق میں نے گدھوں سے ہی سیکھا ہے اور اس پر مجھے فخر ہے ۔ اکھلیش جی کیا آپ گجرات کے گدھوں سے بہت زیادہ ڈرتے ہیں ‘‘ ۔