کوشمبھی (اترپردیش) ۔25مئی ( سیاست ڈاٹ کام )اتر پردیش میں آج ایک ایکسپریس ٹرین کی آٹھ بوگیاں پٹریوں سے اتر گئیں جن کے نتیجہ میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور دوسرے کئی زخمی ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ جموں تاوی جا رہی موری ایکسپریس ٹرین سراتھو اور اتسرانے ریلوے اسٹیشن کے درمیان پٹری سے اتر گئی اور اس کا ایک ڈبہ الٹ بھی گیا ۔ نارتھ سنٹریل ریلوے کے چیف پی آر او وجئے کمار نے بتایا کہ موری ایکسپریس جموں تاوی جا رہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ حادثہ میں چار افراد ہلاک اور دوسرے کئی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس دوران چیف منسٹر اتر پردیش مسٹر اکھیلیش سنگھ یادو نے مہلوکین کے ورثا کو ایک لاکھ روپئے فی کس ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے جبکہ مرکزی وزیر ریلوے مسٹر سریش پربھو نے مہلوکین کیلئے فی کس دو لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو پچاس ہزار روپئے فی کس امداد دی جائیگی ۔ ریلوے عہدیداروں نے زخمیوں کی تعداد 6 بتائی ہے ۔ وزیر ریلوے نے مہلوکین کے رشتہ داروں اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ ریلوے بورڈ کے صدر نشین اے کے متل اور رکن ( انجینئرنگ ) وی کے گپتا حادثہ کے مقام پر پہونچ گئے ہیں تاکہ راحت کاری کی راست نگرانی کی جاسکے ۔ حادثہ کی تحقیقات کا اعلان بھی کردیا گیا ہے ۔