یو پی میں سماج وادی پارٹی اور کانگریس اتحاد سے بی جے پی چراغ پا

ساکشی مہاراج کے متنازعہ ریمارک کی مذمت ، ایس کے افضل الدین و دیگر کا احتجاج
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائدین نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کی جانب سے مسلمانوں کی نعشوں کو نذر آتش کردینے کے متنازعہ ریمارکس کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ساکشی مہاراج کی تصاویر کو پھاڑ دیا اور ان کے خلاف نعرے لگائے ۔ جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین نے کہا کہ اترپردیش میں کانگریس سماج وادی پارٹی اتحاد سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ 7 مرحلوں کے انتخابات سے قبل بی جے پی کو اپنی شکست کے اعداد و شمار دستیاب ہوگئے ہیں ۔ جس کے بعد آئندہ دو مرحلوں کی رائے دہی کے لیے بی جے پی نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے فرقہ پرستی کا جارحانہ تیور اپنایا ہے ۔ وزیراعظم کے لیے ملک میں کئی مسائل ہیں تاہم نریندر مودی نے برقی کو رمضان اور دیوالی سے فنڈز کو قبرستان اور شمشان گھاٹ سے جوڑتے ہوئے ہندوؤں کو متحد کرنے کی کوشش کی ہے ۔ مسلم امیدواروں کو کامیاب بنانے پر ملک میں دہشت گردی فروغ پانے کا دعویٰ کرتے ہوئے نچلی سطح کی سیاست پر اتر آئے ہیں ۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے اتحاد کو قصاب قرار دیتے ہوئے پرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ساکشی مہاراج نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے مسلم میتوں کو نذر آتش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچائی ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عظمیٰ شاکر نے مسلمانوں کے خلاف ریمارکس کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے خلاف کریمنل مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملک کے جن پانچ ریاستوں میں انتخابات ہوئے ہیں وہیں بی جے پی کا مایوس کن مظاہرہ رہا ہے ۔ ملک کے وزیراعظم اترپردیش میں پارٹی انتخابی مہم کی باگ دوڑ اپنے کندھوں پر لیتے ہوئے دم توڑتی بی جے پی کو آکسیجن فراہم کرنے کے لیے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں آر ایس ایس اور بی جے پی کے ساتھ ہندو توا طاقتوں کو خوش کرنے کے لیے بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ ساکشی مہاراج ، یوگی ادتیہ ناتھ اور دوسرے سیاسی مفادات کی خاطر ہندوؤں اور مسلمانوں کے اتحاد کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ بی جے پی کی تمام سازشیں ناکام ہوگی اترپردیش میں کانگریس اور ایس پی اتحاد مکمل اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگا  ۔ اس موقع پر کانگریس کے قائدین خواجہ غیاث الدین ، سید فصیح حسین ، محمد امتیاز ، سید مظہر اللہ ، ڈاکٹر عابد فاروقی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔۔
اوپن یونیورسٹی ڈگری میں داخلے
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں ڈگری سال اول میں داخلے کے لیے اہلیتی امتحان 26 مارچ کو رکھا گیا ہے اور فارمس کے ادخال کی آخری تاریخ میں 16 مارچ تک توسیع کی گئی ہے ۔ ذریعہ تعلیم انگلش اور اردو ہے ۔ داخلے کی معلومات رہبری کیلئے محمڈن انسٹی ٹیوٹ جلوخانہ لاڈ بازار پر رابطہ کریں ۔ ڈگری کے سالانہ امتحانات کی فیس کے تواریخ جاری ہے ۔۔