یو پی میں رکن اسمبلی کی رہائش گاہ پر حملہ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ

مہوبہ،5اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش میں مہوبہ کی چرکھاری اسمبلی حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت کی رہائش گاہ پر پتھراؤ کرنے کے الزام میں 100سے زائد لوگوں کے خلاف رپورٹ درج کرائی گئی ہے ۔ ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ونش راج یادو نے آج یہاں بتایا کہ گزشتہ یکم اکتوبر کو رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت نے اپنی سیکورٹی کا حوالہ دیکر محرم کی 10تاریخ کو چرکھاری میں نکالے جانے والے تعزیہ کے روایتی جلوس کو اپنی مالکانہ والی ڈیوڑھی گیٹ اور اولڈ پیلیس کے اندر داخل ہونے سے روک دیا تھا۔اس کے بعد بھیڑ مشتعل ہوگئی تھی، انہوں نے نعرے لگاتے ہوئے نہ صرف ہنگامہ آرائی کی تھی بلکہ رکن اسمبلی کی رہائش گاہ میں پتھراؤ بھی کیا تھا۔بھیڑ کے ذریعہ کئے گئے پتھراؤ کے سبب مذکورہ رہائش گاہ کو کافی نقصان ہوا تھا۔بھیڑ نے وہاں کھڑی کچھ گاڑیوں کونقصان پہونچایا تھا۔ مسٹر یادو نے بتایا کہ اس معاملہ میں پیلیس کے رہائشی پشپیندر سنگھ راجپوت کی تحریر پر کوتوالی میں 100سے زائد نامعلوم لوگوں کے خلاف رپورٹ درج کرائی گئی ہے ۔مقامی پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے ۔