یو پی میں خاتون سرپنچ ‘ شوہر ‘ بیٹے اور بھانجے کو گولی مار دی گئی

ٹکم گڑھ 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والی بی جے پی کی ایک خاتون سرپنچ ‘ اس کے شوہر ‘ بیٹے اور بھانجے کو نامعلوم افراد نے یو پی کے پڑوسی ضلع جھانسی میں گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ قتل سیاسی مخالفت کی بنیاد پر کیا گیا ۔ متوفی بابلی تیواری 52 سال کدھار گاوں کی سرپنچ تھیں۔ نواڈہ ( مدھیہ پردیش ) ٹاؤن کے سب ڈویژنل آفیسر آر سی بھوج نے میڈیا کو بتایا کہ بابلی تیواری ‘ ان کے شوہر برجیش تیواری ‘ فرزند پنیت اور بھانجے میانک ایک کار میں جھانسی جا رہے تھے کہ نا معلوم افراد نے ان کی کار روک کر ان پر گولیوں کی بوچھار کردی ۔

یہ واقعہ جھانسی علاقہ میں پیش آیا اور اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ نعشیں دستیاب ہوئی ہیں اور انہیں پوسٹ مارٹم کیلئے جھانسی میڈیکل کالج کو روانہ کیا گیا ہے ۔ 24 نومبر 2013 کو اسمبلی انتخابات سے ایک دن قبل تیواری کے ایک اور بھانجے اور بی جے پی لیڈر نیرج تیواری کو سماجوادی لیڈر ستیہ ورت ارجاریہ نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا ۔