مویشیوں کے خون کے بجائے دودھ اور گھی کی نہریں بہیں گی : امیت شاہ
مہاراج گنج ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے ایس پی اور بی ایس پر اترپردیش کو عملاً تباہ کردینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ رواں انتخابات اقلیتوں کو خوش کرنے ، ذات پات اور خاندانی حکمرانی کی سیاست ختم کردیں گے ۔ ریاست میں بی جے پی کی جانب سے آئندہ حکومت کے قیام کا یقین ظاہر کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ایک مرتبہ انتخابی نتائج کا اعلان ہوجانے کے بعد ساری ریاست میں خاندانی حکمرانی ، خوشنودی اور ذات پات کی سیاست ختم ہوجائے گی ۔ شاہ نے بی ے پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے ووٹروں سے اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی اس ریاست میں تمام مسالخ بند کردیئے جائیں گے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ ’’اس ریاست میں مویشیوں کے خون کے بجائے دودھ اور گھی کی نہریں بہیں گی ‘‘ ۔امیت شاہ نے الزام عائد کیا کہ ایس پی اور بی ایس پی اور فرقہ پرستی اور ذات پات کو فروغ دے رہی ہیں ۔ ان دونوں جماعتوں نے ریاست کی ترقی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جس کے نتیجہ میں اترپردیش ہنوز پسماندگی کا شکار ہے ۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کو اقتدار ملتا ہے تو ریاست کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا ۔