یو پی میں ایک اور خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی

درخت سے لٹکا کر پھانسی دینے کا واقعہ
بہرائچ ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) یو پی کے بدایوں میں ہوئے ہولناک واقعہ کی یاد تازہ کرنے والے ایک اور واقعہ میں پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی ایک 45 سالہ خاتون کی نعش درخت پر لٹکی ہوئی پائی گئی جس کا مبینہ طور پر اغواء کرتے ہوئے عصمت ریزی کی گئی تھی۔ نیم برہنہ نعش کو رانی پور علاقہ میں ایک درخت پر لٹکا ہوا دیکھا گیا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس سنیل کمار سنگھ نے کہا کہ یہ خاتون پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتی ہے، جو کل رات سے لاپتہ تھی۔ رانی پور میں لونین پور موضع کی متوطن اس خاتون کی بہرائچ سے مبینہ طور پر اغواء کرکے اجتماعی عصمت ریزی کی گئی اور بعدازاں اس کی نعش درخت پر لٹکا دی گئی۔ یہ متوفی خاتون علاج کے لئے لکھنؤ جارہی تھی۔

جب اس کے فرزند نے موبائیل پر اطلاع دی کہ وہ دادی بن گئی ہیں اور فوری گاؤں واپس ہوجائیں۔ بہرائچ پہنچنے کے بعد خاتون نے اپنے فرزند کو فون کیا اور اس کے یہاں پہنچنے تک انتظار کرتے ہوئے کھڑی رہی لیکن جب اس کا بیٹا مقام پر پہنچا تو ماں لاپتہ تھیں۔ اس کا موبائیل فون بھی بند تھا۔ درخت کے قریب خاتون کے چپل پڑے پائے گئے۔ پولیس شکایت میں بتایا گیا کہ متاثرہ خاتون کے خاندان نے 5 افراد کے نام بتائے ہیں جن کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے وجئے، راجو، اونکار، رامیشورو اور نعیم کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس نے کہا کہ یہ تمام ملزمین مفرور ہیں۔ مقامی افراد نے الزام عائد کیا کہ اس خاتون کی شراب کے کاروبار میں ملوث بعض افراد سے دشمنی تھی۔ پولیس نے کہا کہ خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ اس کی عصمت ریزی کی گئی یا نہیں ۔