یو پی میں انعامی ٹا پ -10 جرائم پیشہ افراد کا پوسٹر،ہورڈنگ

جونپور، 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ایڈیشنل پولیس ڈائرکٹر جنرل (لا اینڈ آرڈر) آنند کمار نے کہا ہے کہ جرائم پر کنٹرول کے لئے مافیا پر روک لگائی جائے گی اور ٹاپ ٹین انعامی بدمعاشوں کے پوسٹر ھورڈنگ جگہ جگہ لگائے جائیں گے ۔ آنند کمار کل دیر شام غازی پور سے لکھنؤ جاتے وقت ضلع کے مچھلي شھر کوتوالی میں رک کر نظم و نسق کا جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا جرائم پر روک لگانا پہلی ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مجرموں کی نشاندہی کرکے کارروائی کرے گی۔ بچیوں کو درندوں سے بچانے کے لئے ٹھوس کارروائی ہوگی۔ ہر ضلع میں سائبر کرائم کے لئے ایک ایک تھانہ کھولا جائے گا۔ انعامی اور بڑے مجرموں کے پکڑنے کے لئے مقامی پولیس کے علاوہ ایس ٹی ایف کا بھی تعاون لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چھیڑھانی کی وارداتوں پر سوفیصد نتائج کے لئے حکومت اینٹی رومیو اسکواڈ کو اور مضبوط بنانے کی تیاری میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وومین پاور لائن 1090 سے اینٹی رومیو اسکواڈ کو جوڑا جائے گا اور اسکواڈ میں مین پاور بڑھانے کے ساتھ اس کو وسائل سے لیس کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹی ایس، ایس ٹی ایف،ایس ڈی آر ایف کی طرح ہی ٹورسٹ پولیس، لاء اینڈ آرڈر پولیس اور وی آئی پی سیکورٹی پولیس قائم کی جائے گی۔میٹنگ میں انہوں نے جرائم کنٹرول، مجرموں کی گرفتاری کے لئے مؤثر اقدامات کرنے اور علاقوں میں جرائم کے واقعات کو روکنے کے لئے اپنی صلاحیت و اہلیت استعمال کا کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ بدمعاشوں کے خلاف مؤثر قدم اٹھاتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔اس موقع پر پولیس سپرنٹنڈنٹ کے کے چودھری، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) سنجے رائے ، کوتوالی کے ایس ایس آئی ردربھان پانڈے سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔