پارٹی کو مرکز میں اقتدار دلانے میں ریاست کے عوام کا اہم رول ،امیت شاہ کا ورکرس سے خطاب
بستی ۔ یکم جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ بی ایس پی ‘ اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی کا متبادل نہیں ہوسکتی بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ صرف ان کی پارٹی ریاست میں بی ایس پی اور ایس پی کا بہتر متبادل فراہم کرسکتی ہے اور ریاست کی ترقی کو یقینی بناسکتی ہے ۔ امیت شاہ نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو اکثریت دلانے میں اتر پردیش کے عوام کی رائے کو اہم قرار دیا اور ان سے اظہار تشکر کیا ۔ امیت شاہ نے یہاں بوتھ لیول کے عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کو قطعی اکثریت دلانے میں اتر پردیش کا اہم رول ہے ۔ بی ایس پی کو ریاست میں سماجوادی پارٹی کا متبادل نہیں سمجھا جاسکتا اور نہ ہی وہ پارٹی ریاست کو ترقی دلاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی ہے جو ریاست میں ان جماعتوں کا متبادل ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے پارٹی ورکرس پر زور دیا کہ وہ ریاست میں سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کو اکھاڑ پھینکنے کیلئے کمر کس لیں۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی کو ریاست میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دینے کا موقع مل جائیگا ۔ ریاست میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ گذشتہ 15 سال سے عوام نے ان جماعتوں کو ایک کے بعد ایک موقع دیا ہے لیکن اب عوام کو چاہئے کہ وہ بی جی پی کو ایک موقع دیں۔ بی ایس پی سے اس کے قائدین کی علیحدگی پر پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ آئندہ سال اسمبلی انتخابات تک پارٹی کی سربراہ مایاوتی پارٹی میں تنہا بچ جائیں گی۔ اکھیلیش یادو حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں کرپشن کا عروج ہے اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی ابتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں حکومت غنڈہ عناصر کی پشت پناہی کر رہی ہے اور وہ سماجوادی پارٹی کاحصہ بنتے جا رہے ہیں۔